بنگلورو،5؍نومبر(ایس او نیوز)مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کم کرنے کے فوری بعد حکومت کرناٹک نے بھی پٹرول اور ڈیزل پر ریاستی ٹیکس میں سات سات روپے کم کرنے کا اعلان کیاہے۔ اس سلسلہ میں جمعرات کے روز سرکاری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔
اس حکم نامہ کے مطابق کرناٹک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے اعلان میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک میں کمی کے بعد پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100.63روپے ہو گی اور ڈیزل فی لیٹر 85.03روپے۔ ریاستی محکمہ مالیات کی طرف سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے پٹرول پر لئے جانے والے ٹیکس کی شرح کو گھٹا کر 25.92فیصد کردیا ہے جبکہ ڈیزل پر لیا جانے والا ٹیکس اب 14.34فیصد ہو گا۔فضائیہ کے ایندھن پر ٹیکس 28فیصد رہے گا جبکہ پائپڈ نیچر ل گیس پر ٹیکس 5.5فیصد رہے گا۔
کرناٹک میں اب تک پٹرول کی قیمت فی لیٹر 113.93روپے رہی،جو اب 100.63روپے ہو گی۔ ٹیکس میں کٹوتی کی وجہ سے قیمت میں 13.30روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ڈیزل جس کی قیمت 104.50روپئے تھی، اس میں بھاری کمی کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے اس میں 7روپئے کی تخفیف کا اعلان ہوا تھا جبکہ مرکزی حکومت نے 10روپے کم کرنے کا اعلان کیا۔ مجموعی طور پر ڈیزل کی قیمت میں 19.47روپئے کی کمی آئی ہے، اب ڈیزل فی لیٹر 85.03روپئے میں فروخت کیا جائے گا۔